بھٹکل یکم ؍اکتوبر (ایس او نیوز) جالی پٹن پنچایت علاقے میں قانونی طور پر پٹن پنچایت سے ضروری اجازت نامہ حاصل کیے بغیر عمارتیں تعمیرکرنے کے خلاف چیف آفیسر اجئے بھنڈارکر نے کارروائی کی اور زیر تعمیر 4مکانات اور 1دکان کا کام روک دیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ کارروائی ایڈیشنل ڈی سی کی ہدایت پر انجام دی گئی۔ جب چیف آفیسر نے ان مقامات پر پہنچ کر معائنہ کیا تو مزدور تعمیراتی کام میں مصروف تھے۔ چیف آفیسر نے انہیں فوری طور پر کام بندرکھنے کا حکم دیا کیونکہ مجوزہ تعمیرات کے لئے پنچایت سے حاصل کیا گیا اجازت نامہ دکھانے میں مکان مالکان ناکام رہے تھے۔ چیف آفیسر نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی ہے کہ پنچایت سے اجازت لینے کے بعد ہی کاغذات دکھا کر روکا گیا کام دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ موجودہ قانون کے مطابق زمین کے مالکانہ حقوق کے کاغذات کے ساتھ تعمیرات کی اجازت کے لئے آن لائن درخواست دینی پڑتی ہے اور اجازت ملنے کے بعد ہی تعمیری کام شروع کرنا ہوتا ہے۔اس لئے چیف آفیسر نے بتایا کہ پنچایت کے حدود میں جہاں کہیں بھی اجازت کے بغیر تعمیراتی کام چل رہا ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اور یہ مہم جاری رہے گی۔